جہلم: آل پاکستان واپڈا الیکٹرک ہائیڈرو یونین کی جانب سے ایس ڈی او اربن آئیسکو جہلم قیصر محمود کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں یونین عہدیداران، ممبران، آئیسکو ملازمین اور صحافیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر آل پاکستان واپڈا الیکٹرک ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئرمین جاوید بلوچ نے خصوصی طور پر جہلم کا دورہ کیا، جہاں جہلم سرکل کے عہدیداران اور ممبران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جاوید بلوچ نے ایس ڈی او اربن قیصر محمود کے فوری تبادلے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ڈیلی ویجز پر بھرتی کیے گئے ملازمین کی بحالی کے لیے بھی متعلقہ حکام سے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم آر ایس راجہ خالد نے کہا کہ ایس ڈی او اربن قیصر محمود کی تعیناتی سے قبل عملے کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ مقررین نے بھی قیصر محمود کے تبادلے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
احتجاج کے دوران شرکاء نے یونین کے حق میں اور ایس ڈی او اربن آئیسکو قیصر محمود کے خلاف نعرے بازی کی۔
جاوید بلوچ اور دیگر مقررین نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری، چیف آئیسکو چوہدری خالد، چیف آپریشن زاہد عثمانی اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ملازمین کے مسائل حل کیے جائیں، ڈیلی ویجز ملازمین کو بحال کیا جائے اور ایس ڈی او اربن قیصر محمود کے تبادلے کے مطالبے پر غور کیا جائے۔









