لاہور: صوبائی وزیر خوراک سلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ فوڈ انڈسٹری کو ترقی دینا، کاروباری طبقے کے مسائل حل کرنا اور عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہوٹل، ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں سی ای او سیور فوڈز اور ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ چوہدری محمد نعیم، جبکہ ممبر والٹن کینٹ بورڈ میاں فقیر حسین بھی شریک تھے۔
ملاقات میں فوڈ انڈسٹری کو درپیش مشکلات، کاروباری افراد کو سہولیات کی فراہمی، فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد اور سرکاری اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفد نے سلمیٰ بٹ کو صوبائی وزیر خوراک کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
چوہدری محمد نعیم نے کہا کہ ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اور بیکرز سے وابستہ کاروباری افراد ملکی معیشت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس شعبے کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے متعلقہ کاروباری تنظیموں کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کیا جائے۔
ایسوسی ایشن کے صدر محمد فاروق چوہدری نے کہا کہ حکومتی اداروں اور کاروباری برادری کے درمیان مضبوط رابطے قائم ہونے سے مسائل کی بروقت نشاندہی اور ان کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں ممکن ہو سکتی ہیں۔
چیئرمین ممتاز احمد نے فوڈ سیفٹی کے معیار کو بہتر بنانے اور صارفین کو محفوظ و معیاری خوراک فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرنا اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانا ضروری ہے۔










