ماورا حسین اور امیر گیلانی کے گھر بیٹے کی پیدائش، نومولود کا نام بھی سامنے آگیا
کراچی: پاکستان شوبز کی معروف اداکار جوڑی ماورا حسین اور امیر گیلانی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ دونوں اداکاروں نے سوشل میڈیا پر خوشخبری شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو زندگی کے اس نئے سفر سے آگاہ کیا۔
ماورا حسین اور امیر گیلانی نے انسٹاگرام پر اپنے بیٹے کی آمد کا اعلان کیا، جس کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اداکار جوڑی نے اپنے نومولود بیٹے کا نام سید ازمر حسین کمال گیلانی رکھا ہے۔
امیر گیلانی نے بیٹے کے نام کا مطلب بھی بتایا
اداکار امیر گیلانی نے اسپتال سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں وہ اپنے نومولود بیٹے کے کانوں میں اذان دیتے ہوئے نظر آئے۔
ویڈیو کے ساتھ انہوں نے بچے کے نام ’ازمر‘ کے معنی بھی بیان کیے اور اسے شیر سے تعبیر کیا۔
امیر گیلانی کی جانب سے شیئر کی گئی اس ویڈیو کو مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے، جبکہ جوڑی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا جارہا ہے۔
فروری 2025 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے
واضح رہے کہ ماورا حسین اور امیر گیلانی نے فروری 2025 میں شادی کی تھی۔
دونوں اداکار پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ شادی کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے جوڑی کو مسلسل محبت اور پذیرائی ملتی رہی ہے۔
اب بیٹے کی پیدائش کے ساتھ ہی دونوں اداکاروں کی زندگی میں خوشیوں کا ایک نیا باب شروع ہوگیا ہے۔










