بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

مریم نواز کا اٹک میں 23 ارب روپے کے 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

SerialKiller

مریم نواز اٹک، اٹک ترقیاتی منصوبے، 23 ارب روپے کے منصوبے

اٹک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اٹک میں 23 ارب روپے کی مجموعی لاگت سے مکمل ہونے والے اور جاری 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، جن میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے 59 منصوبے بھی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ کی اٹک آمد پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مریم نواز شریف نے سکیورٹی حصار ہٹوا کر لوگوں کو اپنے قریب بلایا اور بچوں کو ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح میں شرکت کی دعوت دی۔

افتتاحی منصوبوں میں فتح جنگ پنڈی گھیب روڈ، ڈھوک لاہم سے جھمات روڈ اور مٹھیال چوک سے ڈھوک پٹھان روڈ سمیت دیگر سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے کام شامل ہیں۔

کامسیٹس یونیورسٹی کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے عوام سے براہ راست رابطے کو اپنی ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ گلہ منڈی کے افتتاح کے موقع پر ایک بچی ہجوم سے گزر کر ان کے پاس آٹوگراف لینے پہنچ گئی تھی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ماضی میں عوام کو حکمرانوں کے قریب آنے سے روکنے کے واقعات پیش آتے رہے، تاہم وہ شہریوں کے درمیان رہنے اور ان سے براہ راست ملاقات کو اہمیت دیتی ہیں۔

انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں مشکلات سے گھبرانے کے بجائے حوصلے اور ثابت قدمی سے آگے بڑھنا چاہیے۔ ان کے مطابق کامیابی کے سفر میں سخت حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت سے حاصل ہونے والا اطمینان کسی اور کام میں نہیں ملتا۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ اٹک کے بازار کی تزئین و آرائش کی گئی ہے اور شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ اٹک بازار کی خوبصورتی لبرٹی مارکیٹ سے بھی بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے بعد پانی جمع ہونے سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے بھی اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

کرپشن کے الزامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر کوئی ان کے خلاف ایک روپیہ بھی کرپشن ثابت کر دے تو وہ اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گی۔

2026-11-03 63
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×