کیلیفورنیا: واٹس ایپ صارفین کی سہولت کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے عام ٹیکسٹ پیغامات میں موجود معلومات کو فوری طور پر مختلف کاموں کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ویب ایٹانفو کی رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کو اسمارٹ میسج ٹیکسٹ ایکشنز کا نام دیا گیا ہے، جسے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے بیٹا ورژنز میں متعارف کرایا گیا ہے۔ فی الحال اس کی آزمائش محدود صارفین تک جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر پیغامات میں موجود مخصوص معلومات کی خودکار شناخت کرے گا، جن میں فون نمبر، تاریخ، وقت، پتے اور ای میل ایڈریس شامل ہیں۔ ایسی معلومات کے نیچے نقطوں والی لکیر نمایاں ہوگی، جس پر ٹیپ کرنے سے متعلقہ آپشنز سامنے آجائیں گے۔
اس سہولت کے ذریعے صارفین کسی فون نمبر پر ٹیپ کرکے اسے اپنے کانٹیکٹس میں محفوظ کرنے یا براہِ راست کال کرنے کے قابل ہوں گے۔ اسی طرح پیغام میں درج تاریخ اور وقت کو کیلنڈر میں شامل کیا جا سکے گا یا واٹس ایپ پر ایونٹ بھی بنایا جا سکے گا۔
نئے فیچر کے تحت کسی پتے پر ٹیپ کرنے سے اسے کاپی کرنے یا نقشے پر کھولنے کا آپشن ملے گا، جبکہ ای میل ایڈریس منتخب کرنے پر موبائل فون کی میل ایپ کھل جائے گی۔
ویب ایٹانفو کے مطابق اسمارٹ میسج ٹیکسٹ ایکشنز بھیجے اور موصول ہونے والے دونوں طرح کے پیغامات پر کام کرے گا۔ اس طرح صارفین کو معمول کے کئی کام انجام دینے کے لیے بار بار چیٹ سے باہر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان میں سے بعض سہولیات واٹس ایپ پر پہلے سے موجود ہیں، تاہم نئے فیچر کے ذریعے انہیں ایک مربوط انداز میں ایک ہی جگہ فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
فی الحال یہ فیچر بیٹا صارفین کے لیے آزمائشی مراحل میں ہے، جبکہ عام صارفین کے لیے اس کی باضابطہ فراہمی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔










