بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

پاکستان میں یوٹیوب کے 9 کروڑ 60 لاکھ صارفین، روزانہ 56 کروڑ ویڈیو ویوز کا دعویٰ

SerialKiller

ٹک ٹاک اور واٹس ایپ کے استعمال کے اعدادوشمار پیش کیے، شزا فاطمہ نے 5G سروسز سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں یوٹیوب، ٹک ٹاک اور واٹس ایپ کا استعمال بڑے پیمانے پر جاری ہے، جبکہ ملک میں روزانہ یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے کی تعداد 56 کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت تقریباً 9 کروڑ 60 لاکھ افراد یوٹیوب استعمال کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق روزانہ 56 کروڑ ویڈیو ویوز ریکارڈ کیے جاتے ہیں اور پاکستان یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے والے ممالک میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔

حفیظ الرحمان نے کمیٹی کو بتایا کہ ملک میں ٹک ٹاک کے تقریباً 10 کروڑ اکاؤنٹس موجود ہیں، جبکہ 15 کروڑ پاکستانی اس پلیٹ فارم پر ویڈیوز دیکھتے ہیں۔ اسی طرح واٹس ایپ کے صارفین کے تقریباً 10 کروڑ اکاؤنٹس ہیں، جہاں روزانہ ایک ارب کالز کی جاتی ہیں اور 12 ارب پیغامات بھیجے جاتے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ نے بتایا کہ سوشل میڈیا اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث ملک میں ڈیٹا کی کھپت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور کے بعد ملک میں اسپیکٹرم کی نیلامی نہیں ہوئی تھی۔ ان کے مطابق اس دور میں پاکستان کو 4G ٹیکنالوجی فراہم کی گئی، جبکہ موجودہ دور میں 5G کے لیے اسپیکٹرم کی نیلامی کا عمل مکمل کیا گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں تقریباً 18 لاکھ افراد 5G سروس استعمال کر رہے ہیں اور 24 شہروں میں اس ٹیکنالوجی کی دستیابی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیلی کام سروسز میں خرابی کی مختلف وجوہات ہیں، جن میں موبائل ٹاورز، ڈیزل اور جنریٹرز کی چوری جیسے واقعات بھی شامل ہیں۔

2026-11-03 85
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×