اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق اطلاعات اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور دیگر پارلیمنٹیرینز کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ہسپتال منتقل کیے جانے سے متعلق اطلاعات پر بھی تشویش ظاہر کی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اہلِ خانہ کو اعتماد میں لیے بغیر اس نوعیت کے اقدامات کرنا باعثِ تشویش ہے۔ کمیٹی نے عمران خان کے علاج معالجے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا۔
اعلامیے میں عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری اور ان کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کی مذمت کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف ایم پی او کے تحت کارروائیوں پر تحفظات ظاہر کیے گئے اور مطالبہ کیا گیا کہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے۔
سیاسی کمیٹی نے سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان، شیر علی ارباب، شاہ احد اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں اور توڑ پھوڑ کی بھی مذمت کی۔ اعلامیے میں ایسے اقدامات فوری طور پر بند کرنے پر زور دیا گیا۔
ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری قرار دیا۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، بجلی کے بھاری بلوں اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر بھی تشویش ظاہر کی اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات کا معاملہ اٹھایا۔










