مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں صدرِ ریاست کے انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر کو ہوگی۔ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے پریس کانفرنس میں انتخابی شیڈول کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صدارتی امیدوار 19 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال بھی 19 ستمبر کو ہی جمع کرانے کے فوراً بعد کی جائے گی، جبکہ امیدوار 23 ستمبر کو صبح 11:30 بجے تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر صدارتی انتخاب کے لیے ریٹرننگ افسر کے فرائض بھی انجام دیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 24 ستمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال میں ہوگی۔ پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی فوری طور پر شروع کردی جائے گی۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے قائم مقام صدر آزاد کشمیر سے درخواست کی ہے کہ صدارتی انتخاب کے انعقاد کے لیے 24 ستمبر کو قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 24 ستمبر کو آزاد کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب کا فیصلہ ہوگا۔










