اسلام آباد: پاکستان میں فرانس کے سبکدوش ہونے والے سفیر نکولس گیئلے نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور فرانس کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے فرانسیسی سفیر کی خدمات کو سراہا اور ان کے کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور انہیں مختلف شعبوں میں مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے لیے سیاسی روابط، اقتصادی تعاون، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
دونوں جانب سے اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کو اہم قرار دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ سبکدوش سفیر نکولس گیئلے کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں کامیابی کی دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔









