اسلام آباد وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی ترقی کی رفتار بڑھانے کیلئے صنعتی شعبے کی استعداد میں اضافہ اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگا، جبکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پالیسیوں کا مستقل تسلسل ضروری ہے۔
اسلام آباد میں ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ 29ویں پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں بدلتے ہوئے سیاسی اور اقتصادی حالات کے پیش نظر ممالک کو اپنی ترقیاتی حکمت عملیوں میں نئے تقاضوں کو شامل کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور یوکرین جنگ کے اثرات بین الاقوامی معیشت کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان حالات کے باعث توانائی اور غذائی اجناس کی قیمتوں میں تبدیلیاں بھی عالمی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کیلئے چیلنج بن رہی ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان نے وژن 2025 کے ذریعے صنعتی ترقی اور چوتھے صنعتی انقلاب کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی تیاری کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی، صنعتی شعبے میں تبدیلی اور معاشی صلاحیتوں کو بہتر بنانا پاکستان کی ترقیاتی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
وفاقی وزیر نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے مؤثر منصوبہ بندی، بدلتے عالمی حالات کے مطابق حکمت عملی اور پالیسیوں کے تسلسل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔










