لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت نئے درخواست گزاروں کو اسکیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد مستحق افراد کیلئے درخواستوں کا نیا مرحلہ شروع کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت منصوبے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکیم کی پیشرفت، گھروں کی تعمیر اور قرضوں کی فراہمی سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے آن لائن پورٹل پر اب تک 17 لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کراچکے ہیں، جبکہ منصوبے کے تحت ایک لاکھ 28 ہزار 718 گھروں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت ایک لاکھ 71 ہزار 597 درخواست دہندگان کو قرض کی دوسری قسط بھی فراہم کی جاچکی ہے۔ اس کے علاوہ 62 ہزار 600 گھروں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور یہ منصوبے تکمیل کے مراحل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت قرضوں کی مد میں 22 ارب 29 کروڑ روپے کی اقساط وصول کی جاچکی ہیں، جبکہ درخواست گزاروں کو مجموعی طور پر ایک ارب 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کے قرضے فراہم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کے تحت نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دیتے ہوئے اسکیم کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ منصوبے کا مقصد پنجاب میں اہل افراد کو اپنے گھر کی تعمیر کیلئے مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔










