پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممکنہ شرکت کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا میں یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد محمد عامر آئی پی ایل میں کھیلنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔
تاہم سابق پاکستانی فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ کے ذریعے ان خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے تردید کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ آئی پی ایل سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ محمد عامر نے رواں سال مئی میں برطانوی پاسپورٹ حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے برطانوی شہری کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے بھی رجسٹریشن کروائی، جس کے باعث ان کی آئی پی ایل میں شرکت کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہوگئی تھیں۔









