بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

بھارتی ویمنز ٹیم کا محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار، طلال چوہدری کا سخت ردعمل

SerialKiller

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ویمنز ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم کی جانب سے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی ویمنز ٹیم نے اتوار کو فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ تاہم میچ کے بعد ہونے والی تقریبِ تقسیمِ انعامات میں بھارتی کھلاڑی ٹرافی وصول کرنے کے لیے گراؤنڈ میں نہیں آئیں۔

طلال چوہدری نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ بھارت کھیلوں کو بھی سیاسی معاملات سے متاثر کر رہا ہے اور اس طرز عمل سے کھیلوں اور بین الاقوامی معاہدوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی کھیل کو سیاست کے ساتھ نہیں جوڑا، جبکہ بھارت کے حالیہ رویے سے اسپورٹس کلچر متاثر ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق محسن نقوی اپنی مصروفیات کے باوجود تقریب میں موجود تھے، تاہم بھارتی ٹیم نے ان سے ٹرافی وصول نہیں کی۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت مبینہ طور پر سفارتی اور عسکری محاذ پر ناکامی کی خفت کھیلوں کے ذریعے دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی طرزِ عمل کے باعث وہ عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو رہا ہے۔

دوسری جانب دبئی میں منعقدہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کی تقریبِ تقسیمِ انعامات میں اے سی سی کے چیئرمین محسن نقوی اسٹیج پر موجود تھے، تاہم بھارتی ٹیم کی جانب سے ٹرافی لینے کے لیے نہ آنے کے باعث تقریب بھارتی کھلاڑیوں کے بغیر ہی مکمل کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم ڈریسنگ روم کے باہر موجود رہی، جبکہ ٹرافی اے سی سی حکام کے پاس ہی رہ گئی۔

بھارتی ٹیم کے ٹرافی وصول نہ کرنے کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں اور سیاست کو الگ رکھنے کی بحث ایک مرتبہ پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔

2026-09-14 14
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×