ہالی ووڈ: مشہور امریکی ٹی وی سیریز ’بیورلی ہلز، 90210‘ میں اداکاری کرنے والی اداکارہ اور کاروباری شخصیت کماری جانسن 50 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ ان کے اہلِ خانہ کے مطابق وہ 4 نومبر کو لاس اینجلس کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد دنیا سے رخصت ہوئیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو 27 اکتوبر کو اپنے گھر میں دل سے متعلق طبی ایمرجنسی پیش آئی، جس کے بعد انہیں سیڈرز سائنائی میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔ ان کی بھانجی رونڈا اسکاٹ نے میڈیا کو بتایا کہ کماری جانسن نے 4 نومبر کی دوپہر پُرسکون انداز میں آخری سانس لی۔
رونڈا اسکاٹ کے مطابق کماری جانسن ایک روشن اور مثبت شخصیت کی مالک تھیں۔ ان سے ملنے والے افراد ان کی خوش مزاجی اور پُراثر شخصیت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
اداکارہ کا اصل نام کم میری جانسن تھا اور وہ امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر پٹسبرگ میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 1993 میں مس پنسلوانیا یو ایس اے کا اعزاز حاصل کیا اور مس یو ایس اے کے مقابلے میں بھی حصہ لیا۔
کماری جانسن نے 1998 میں ٹی وی سیریز ’بیورلی ہلز، 90210‘ میں مختصر کردار ادا کیا، جس کے بعد ان کا شمار ٹیلی ویژن اور فلموں میں کام کرنے والی اداکاراؤں میں ہونے لگا۔ وہ ’وی آئی پی‘، ’وانڈا ایٹ لارج‘ اور فلم ’ڈیوڈ، وئیرز مائی کار؟‘ سمیت مختلف پروجیکٹس میں بھی نظر آئیں۔
اداکاری کے علاوہ انہوں نے ماڈلنگ اور کاروباری شعبے میں بھی کام کیا۔ 2011 میں انہوں نے اپنی اسکن کیئر کمپنی ’اسکن گلو بائی کماری‘ قائم کی۔ 2007 سے 2010 کے دوران انہوں نے مختلف اسٹیج ڈراموں میں بھی نمایاں کردار ادا کیے۔









