لاہور: پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے ازدواجی زندگی میں شوہروں کے اپنی بیویوں کے ساتھ رویے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں بعض مرد دوستوں کی محفل میں اپنی بیویوں کا مذاق اڑاتے ہیں۔
سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ ان کے مشاہدے کے مطابق بڑی تعداد میں مرد دوستوں کے درمیان اپنی اہلیہ کے بارے میں مذاق کرتے ہیں اور یہ رویہ خاص طور پر ہمارے معاشرتی کلچر میں زیادہ نظر آتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر کوئی بیوی سب کے سامنے شوہر کو کوئی مشورہ دے تو بعض مرد فوری طور پر اسے سب کے سامنے غلط یا بے وقوفانہ قرار دے دیتے ہیں، حالانکہ یہی بات بعد میں تنہائی میں بہتر انداز سے سمجھائی جا سکتی ہے۔
سنیتا مارشل کے مطابق معاشرے میں بعض اوقات مردوں کی ایسی ذہن سازی کی جاتی ہے کہ بیوی کو شوہر سے کمتر سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسی سوچ کے باعث کچھ شوہر اپنی بیوی سے غیر مساوی انداز میں گفتگو کرتے ہیں اور اسے مذاق کا نشانہ بنانا اپنا حق سمجھتے ہیں۔
اداکارہ نے زور دیا کہ میاں بیوی کے درمیان باہمی احترام اور عزت کا رشتہ ہونا چاہیے، خصوصاً دوسروں کے سامنے ایک دوسرے کی تضحیک سے گریز کرنا ضروری ہے۔
سنیتا مارشل کا یہ بیان سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جہاں متعدد صارفین نے ان کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے ازدواجی رشتے میں احترام کی اہمیت پر اپنی آرا کا اظہار کیا۔










