بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

ویمنز ایشیا کپ فائنل بھی تنازع کا شکار، بھارتی ٹیم کا محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار

SerialKiller

فوٹو: فائل

دبئی: ویمنز ایشیا کپ کا فائنل بھی اختتام کے بعد تنازع کی زد میں آگیا، بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے ٹائٹل جیتنے کے باوجود ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی۔

فائنل میں محسن نقوی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، تاہم بھارتی ٹیم نے ان کے ہاتھوں سے ٹرافی لینے سے گریز کیا، جس کے باعث تقریب تقسیمِ انعامات توجہ کا مرکز بن گئی۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہو۔ گزشتہ برس بھارتی مردوں کی ٹیم نے بھی اے سی سی صدر سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد انعامات کی تقریب تنازع کا شکار ہوگئی تھی۔

دوسری جانب میچ کی بات کی جائے تو بھارتی ویمنز ٹیم نے دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل ریکارڈ آٹھویں مرتبہ جیت لیا۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 183 رنز بنائے اور سری لنکا کو کامیابی کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں سری لنکن ٹیم بھارتی بولرز کا مقابلہ نہ کرسکی اور پوری ٹیم 111 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اتھاپتھو نے 36 جبکہ نیلکشیکا سلوا نے 22 رنز بنائے، تاہم دیگر بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

یوں بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر ویمنز ایشیا کپ اپنے نام کرلیا، تاہم ٹرافی وصولی کے معاملے نے فائنل کے بعد کی تقریب کو ایک نئے تنازع سے دوچار کردیا۔

2026-09-14 15
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×