بانی: سید محمد حسنچیف ایڈیٹر: سید حسن وقار تراب

پاکستان انویسٹر فورم جدہ کے صدر چوہدری شفقت محمود دھول کی سفیر پاکستان احمد فاروق سے ملاقات

SerialKiller

فوٹو: فائل

ریاض (نورالحسن گجر سے): پاکستان انویسٹر فورم (PIF) جدہ کے صدر چوہدری شفقت محمود دھول نے مملکتِ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق سے ملاقات کی، جس میں سعودی عرب میں مقیم ممتاز پاکستانی سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون اور اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کے کردار سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں شریک سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، برآمدات کے فروغ، کاروباری سہولتوں اور اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے، بیرونِ ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں کو وطن میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے اور کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
صدر پاکستان انویسٹر فورم جدہ چوہدری شفقت محمود دھول نے کہا کہ پاکستان انویسٹر فورم سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور تاجروں کا ایک فعال اور مؤثر پلیٹ فارم ہے، جو سرمایہ کاروں کی رہنمائی، ان کے کاروباری مفادات کے تحفظ، پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کار تعمیرات، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ، صحت، سیاحت، قابلِ تجدید توانائی اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ ان شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع بھی موجود ہیں۔
چوہدری شفقت محمود دھول نے اس بات پر زور دیا کہ حکومتِ پاکستان، سفارت خانہ پاکستان اور اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کے درمیان مؤثر روابط اور قریبی تعاون کے ذریعے براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار کے نئے مواقع میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
سفیر پاکستان احمد فاروق نے پاکستان انویسٹر فورم جدہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو ترسیلاتِ زر کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور عالمی کاروباری روابط کے ذریعے بھی پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ سفارت خانہ پاکستان، ریاض سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے حل، سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کو ایک پرکشش سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر متعارف کرانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مستحکم کیا جائے، سرمایہ کاری کانفرنسوں، تجارتی نمائشوں، کاروباری وفود کے تبادلوں اور چیمبرز آف کامرس و سرمایہ کاری کے اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے تاکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر صدر پاکستان انویسٹر فورم جدہ چوہدری شفقت محمود دھول، سفیر پاکستان احمد فاروق اور اجلاس میں شریک سرمایہ کاروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی تعاون اور مسلسل رابطوں کے ذریعے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، صنعت اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ پاکستان انویسٹر فورم جدہ نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سفارت خانہ پاکستان کے ساتھ مل کر پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

2026-07-22 26
Advertisement
Advertisement
Advertisement
×