پشاور: پجگی روڈ کے قریب ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں مکان کی چھت منہدم ہوگئی، حادثے میں زخمی ہونے والے تین بچے اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گئے جبکہ ایک خاتون اور بچی زیرِ علاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات پجگی روڈ کے علاقے میں واقع مکان میں گیس لیک ہونے کے باعث سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گھر کی چھت گر گئی اور ایک خاتون سمیت چار بچے ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو کارروائی کے بعد تمام زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں تین بچوں کی جان نہ بچائی جاسکی۔ خاتون اور ایک بچی تاحال اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
واقعے پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تین بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں گورنر نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور دردناک ہے۔









