اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پنجاب کے دو انتخابی حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے لیے پاک فوج اور پنجاب رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے وزارت داخلہ و انسداد منشیات نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ ون اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال چھ میں 8 نومبر 2026 کو ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے۔ دونوں حلقوں میں سکیورٹی فورسز 7 سے 9 نومبر تک تعینات رہیں گی۔
وزارت داخلہ کے مطابق پنجاب رینجرز کو دوسرے درجے کی رسپانس فورس جبکہ پاک فوج کو تیسرے درجے کی رسپانس فورس کے طور پر رکھا جائے گا۔ دونوں فورسز اسٹینڈ بائی پوزیشن میں رہیں گی اور ضرورت پڑنے پر فوری ردعمل دیں گی۔
حکومت نے یہ اقدام ضمنی انتخابات کے پُرامن انعقاد اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق تعیناتی کی منظوری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی درخواست پر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے 30 ستمبر اور 2 اکتوبر 2026 کو وفاقی حکومت سے دونوں حلقوں میں پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کی تھی۔









